متحدہ مجلس عمل نے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل نے 14 اکتوبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میںمسلم لیگ نواز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان حلقہ 131 سے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی کی رہائش گاہ پر متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ جس میں شاہ اویس نورانی، چودھری یعقوب،پیر محفوظ مشہدی، مولانا سردار محمد خان لغاری،ڈاکٹر جاوید اختر،بیرسٹر اویس رضا ہاشمی، مولانا راغب نعیمی، رانا رحمت علی،مولانا علی محمد تراب، شفیق پسروری، مولانا اشرف گجر، بلال میراور دیگر شامل تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے اعلان کیا کہ ایم ایم اے کی پانچوں جماعتیں جمعیت علما پاکستان، جماعت اسلامی،جمعیت علما اسلام ، اسلامی تحریک اور مرکزی جمعیت اہل حدیث مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی نظریاتی بنیادوں پر حمایت کریں گے۔ ہم جمہوریت اور سول بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، بلکہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے ملک پر مسلط کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن