پی ٹی آئی کی چاروں درخواستیں مسترد، سکرونٹی کمیٹی تحقیقات جاری رکھے: الیکشن کمشن

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اکائونٹس کے آڈٹ پر حکمراں جماعت کی جانب سے کیے گئے اعتراضات کی 4 اپیلوں کو مسترد کردیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے محفوط کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے سکروٹنی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے 14 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔قبل ازیں پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا جائزہ لینے کے لیے ای سی پی کا اجلاس 18 ماہ بعد یکم اکتوبر کو ہوا تھا جس میں ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمیشن جسٹس سردار رضا خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی غیرملکی فنڈ کیس کی سماعت ہوئی اور پہلے سے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا گیا۔ ای سی پی نے دونوں فریقین ہدایت کی ہے کہ 14 اکتوبر کو سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں۔فیصلے میں کہا گیا سکروٹنی کمیٹی اپنا کام جاری رکھے۔خیال رہے کہ اکبر ایس بابر کی درخواست پر سکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور حکمراں جماعت نے کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے سے روکنے کی درخواستیں دی تھیں۔الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کے حوالے سے تحریک انصاف کی چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔ الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو پارٹی فنڈ نگ کی تحقیقات جاری رکھنے اور فریقین کو 14 اکتوبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ای پیپر دی نیشن