راولپنڈی میں ڈینگی سے ایک اورخاتون جاں بحق،تعداد43ہوگئی

Oct 11, 2019

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈینگی وائرس نے راولپنڈی کے رہائشیوں کو خوف میں مبتلا کررکھا ہے ، جس کے باعث ایک اور شہری فوزیہ نامی خاتون جس کا تعلق کرسچن کالونی سے تھا بینظیر بھٹو ہسپتال میں جاں بحق ہو گئی ہے،فوزیہ دو روز قبل ہسپتال میں داخل ہوئی تھی،اس طرح ڈینگی کے مسلسل حملوں کے باعث رواں سال جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 43ہوگئی ہے،خطرناک مچھر کے شہریوں پر پے درپے حملے سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید150افراد ڈینگی کا نشانہ بن گئے ہیں،مجموعی طور پر اب تک اب تک 5799افرادڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں،سردی شروع ہونے کے باوجودہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس وجہ سے بیڈز کم پڑگئے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پوٹھوہار ٹاؤن ،شہر اور کینٹ کے رہائشی ڈینگی کاشکار ہو کر ہسپتال پہنچے ہیں،اب تک ہسپتالوںسے تقریباً 2600مریض ڈسچارج ہوچکے ہیں،ماہرین صحت و ماحولیات کا کہنا ہے درجہ حرارت گرنے تک ڈینگی کا خطرہ برقرار رہے گاتاہم شہری ڈینگی سے بچنے کے لیے تمام تر حفاظتی اقدامات جاری رکھیں ۔
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ڈینگی کے 2000 مشتبہ مریضوں میں سے 200 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطا بق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو ڈینگی وارڈ میں بہترین طبی دیکھ بھال اور علاج کے لئے داخل کر لیا گیا ہے اور ان کے خون کے نمونے مزید تفتیش کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔پولی کلینک کے ترجمان ڈاکٹر شریف استوری نے کہا کہ اب تک ہسپتال میں گئے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3203 ہے جنہیں مفت علاج معالجہ کی سہولیات دی گئی ہیں اور اس وقت 117 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے 6 مریض کی اموات ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو 630 مریض لائے گئے جن میں سے 194 میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی اور 25 مریض داخل ہوئے اور 45 مریضوں کو بہتر حالت کی وجہ سے ڈسچارج کر دیا گیا۔دوسری جانب وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں، 24 ہزار سے زائد مریض ہسپتالوں سے صحت ہو کر ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر ظفرمرزا کی ہدایت پر یومیہ بنیادوں پر ہونے والے ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور جڑواں شہر کی انتظامیہ نے شریک کی اور اجلاس میں ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے کہا کہ 24 ہزار سے زائد مریض ہسپتالوں سے شفیاب ہو کر ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیس رسپانس کے زریعے بڑے پیمانے پر فوگنگ اور سپرے کا عمل بھی جاری ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ جڑواں شہر کے موثر اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں بہترین مفت نگہداشت اور علاج کی سہولیات میسر ہیں۔

مزیدخبریں