اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل اور اضافی شواہد ریکارڈ کرنے کی متفرق درخواست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نیب کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویڑن بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل اور متفرق درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے ۔ عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وکیل نے اپیل کے دوران اضافی شواہد کا جائزہ لینے کی متفرق درخواست دی جس پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل کی پیپر بکس کی تیاری ہو چکی ، فریقین نے کاپیاں حاصل کرلیں اور کیس دو ہفتے کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
العزیزیہ ریفرنس،تحریری حکم نامہ جاری، نیب کودوہفتوں میں جواب جمع کرانے کاحکم
Oct 11, 2019