اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب کراچی میں ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) فاروق اعوان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انویسٹی گیشن ٹیم نے عاطف زمان کے خلاف انکوائری پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس مقدمہ میں ممتاز اینکر پرسن کو قتل کر دیا گیا تھا۔ انویسٹی گیشن ٹیم نے اجلاس کے دوران بتایاکہ عاطف زمان مالی سکینڈل کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ مذکور ہ ملزم نے زیڈ انٹرپرائزز اور انیفیٹی امپورٹ سلوشنز کے نام پر جعلی سکیموں کے ذریعے لوگوںکو ٹائروں کے کاروبار میں زیادہ منافع کا لالچ دے کر بڑ ے پیمانے پر دھوکہ دہی سے ان کو ان کی جمع پونجی سے محروم کردیا جس سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی بتایاگیا کہ بڑے اخبارات میں نیب نے اس مالی سکینڈل سے متعلق متاثرین کو اپنی لوٹی گئی رقوم کے کلیمز اور ان کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے اشتہار شائع کر دیا ہے۔ اب تک نیب کراچی سے اس مقدمے کے چوتھا فریق نے رابطہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی بریگیڈیئر فاروق نصیر اعوان نے تفتیشی ٹیم کو قانون کے مطابق تحقیقات مزید تیز کرنے، انکوائری، مقررہ وقت پر نمٹانے ، روزانہ کی بنیاد پر تحقیات کرنے، مبینہ ملزم عاطف زمان اوران کے ساتھیوں کے غیر قانونی اثاثوں کو قبضہ میں لینے کی ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اس سال سکینڈل کے متاثرین کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے میڈیا سمیت تمام مواصلاتی ذرائع استعمال کئے جائیں گاکہ وہ ٹھوس شواہد کے ساتھ اپنے کلیمز جمع کرا سکیں۔