اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے یوم یکجہتی کشمیر (آج) جمعہ کو بھرپور انداز سے منایا جائے گا ڈی چوک اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی کشمیریوں کو حق خوداردایت دلوانے کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر پر موثر سفارتکاری کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے متحرک سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ (آج) یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ادارے یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کریں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقاریب سے ایل او سی کے دونوں اطراف بھرپور پیغام پہنچ رہا ہے۔ مودی کا ہندو فسطائی ایجنڈا ہر سطح پر بے نقاب کریں گے۔
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے جمعہ کے روز اہل کشمیر سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کا فیصلہ کرلیا چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کارکنان کو اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچنے کی ہدائت کردی سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف آج مورخہ 11اکتوبر بروز جمعتہ المبارک اہل کشمیر سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کارکنان کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد کے ڈی چوک میں پہنچے کی ہدایت کر دی ہے اس حوالے سے چیف آرگنائزرنے کہا کہ کارکنان وزیراعظم عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد کے ڈی چوک میں جمع ہوںجہاں پوری قوم یکجا ہو کر اہل کشمیر کو یہ پیغام بجھوائے گی کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت سے آگاہ کرینگے وہ دن دور نہیں جب اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ وادی میں محصور کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات ملے گی۔
مسئلہ کشمیر ، موثر سفارتکاری سے عالمی سطح پر پاکستا نی موقف کو پذیرائی مل رہی ہے: علی امین گنڈاپور
Oct 11, 2019