بہاول پور (بیورو رپورٹ) صحرائے چولستان میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد ٹڈی دل نے ایک بار پھر حملہ کردیا، لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل چولستان کے سبزے کو اجاڑنے لگے۔ ٹڈیوں کے خاتمے کے لئے چولستان ترقیاتی ادارہ، چولستان لائیوسٹاک اور پلانٹس پروٹیکشن اداروں کی مشترکہ کاروائیاں، ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے کیے جانے والے زہریلی سپرے سے چولستانی جانوروں کے بھی متاثر ہونے کا خطرہ۔ تفصیل کے مطابق گریٹر چولستان سمیت صحرائے چولستان کے متعدد علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث ایک بار پھر ٹڈی دل کا شدید حملہ لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل جانوروں کے لیے اگنے والے چارے کو ختم کرنے لگے ۔جس کے بعد انسداد ٹڈی دل کے وفاقی ادارہ پلانٹس پروٹیکشن، سی ڈی اے اور چولستان لائیوسٹاک متحرک ہو گئے۔ اب تک چولستان کے ایک لاکھ ایکڑ سے زائد ٹڈی دل سے متاثرہ علاقہ پر سپرے کے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل کا خاتمہ کیا جا چکاہے مگر ابھی بھی چولستان کے متعدد علاقے اس ٹڈی دل کی لپیٹ میں ہیں اس حوالے سے پلانٹس پروٹیکشن کے ریجنل آفیسر فخرالرحمن کا کہنا ہے کہ اب تک تقریبا ایک لاکھ ایکڑ رقبہ پر سپر ے کیا گیا جس کی وجہ سے اب تک ٹڈی دل شہری آبادی اور فصلوں تک نہیں پہنچ سکی امید ہے کہ اکتوبر کے آخر تک ٹڈی دل کا سیزن ختم ہو جائے گا اور یہ یہاں سے چلی جائے گی کیونکہ چولستان میں اس کی بریڈنگ کا سیزن جون سے اکتوبر تک ہوتا ہے اور ہمارا آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا چولستان سے ٹڈی دل کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ ماہرین حیوانات نے چولستان میں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے کیے جانے والے سپرے پر اپنے خدشہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے جو سپرے کیا جارہا ہے اس سے مویشی بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
صحرائے چولستان میں بارشوں کے باعث ٹڈی دل کا ایک بار پھر حملہ
Oct 11, 2019