اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے بہت سے مواقع ہیں۔ پاکستان ایک حسین و دلکش ملک ہے۔ ہائی کمشنر نے ہنزہ، چترال اور گلگت کا دورہ کرنے کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان کے قدرتی حسن کی تعریف کی اور کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے سے شمالی علاقوں میں مقامی آبادی کو معاشی فائدہ ملے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مقامی آبادی پر اثرات پر بھی اپنی رائے دی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ قطب شمالی اور قطب جنوبی کے بعد پاکستان وہ پانچواں علاقہ ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ 2015 کے بعد گلیشیئر پگھلنے سے بننے والی جھیلوں کی تعداد تیس سے بڑھ کر 150 ہو گئی ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ میں شمالی علاقوں میں پہلی مرتبہ گیا اور یہاں کا حسن مجھے اپنے ساتھ بہا کر لے گیا اور میں جھوم گیا۔ ہائی کمشنر نے گرم چشمہ میں برطانیہ کی مدد سے بننے والے اس پل کا دورہ کیا جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوا۔ برطانیہ نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے 13 ملین پائونڈ کی امداد دی ہے۔ ہائی کمشنر نے شمالی علاقوں کے دورے میں گرلز سکول کا بھی معائنہ کیا۔