تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے پولیس اہلکار رویوں میں تبدیلی لائیں: اے آئی جی

  مظفرگڑھ، کوٹ ادو،خان پور بگا شیر (نامہ نگار، خبر نگار) ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد فیصل رانا اور ڈی پی او مظفرگڑھ محمد حسن اقبال کے ہمراہ شہید اے ایس آئی ملازم حسین کے گھر کا وزٹ کیا، ایڈیشنل آئی جی نے افسران کے ہمراہ ان کے گھر والوں سے ملاقات کی اور ان کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا، ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شہید کی کمی کو کسی صورت پورا نہیں کیا جا سکتا تاہم ان کی اولاد اور فیملی ایک کروڑ روپے شہید پیکج اور گھر کیلئے خطیر رقم کے علاوہ شہید کی تنخواہ 60 سال عمر پوری ہونے تک ان کی بیوہ کو دی جائیگی، اس کے علاوہ بچوں کے تعلیمی اخراجات، جہیز فنڈز بھی فراہم کیئے جائیں گے، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ بھی کی اور شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ نے افسران کے ہمراہ پولیس لائنز میں یادگار شہدا پر سلامی دی ان کے ساتھ پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے یادگار شہدا پر سلامی دی جبکہ پولیس لائنز میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ نے شجرکاری کے سلسلے میں پودا بھی لگایا، بعدازاں ڈی پی او دفتر تشریف لے گئے جہاں انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران میں نقد انعام اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں، ایڈیشنل آئی جی نے آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد فیصل رانا اور ڈی پی او مظفرگڑھ محمد حسن اقبال کے ہمراہ میٹنگ کی جہاں ڈی پی او محمد حسن اقبال نے ایڈمنسٹریٹریٹو بریفننگ دی، ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، ٹریفک کی مظفرگڑھ میں اہم زمہ داری ہے اس سلسلے میں نظام میں مزید بہتری لائی جائے، ریڈز کے سلسلے میں مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، دریائی چوکیوں پر تربیتی مشقیں اور فورس کو اسلحہ بارود چلانے کی بھی مشقیں کروائی جائیں، پولیس کا موثر گشت بڑھایا جائے جرائم پیشہ عناصر کسی بھی قسم کی رعائت کے مستحق نہیں ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے کہا ہے کہ قانون پسندوں کو چھیڑنا نہیں اور قانون شکنوں کو چھوڑنا نہیں اس پالیسی پر عمل کرنے سے کمیونٹی پولیسنگ بھی مضبوط ہو گی جبکہ محمد فیصل رانا کی کمانڈ میں ریجن کو کرائم فری بنانے کے نتیجہ خیز روڈ میپ پر عمل شروع ہو چکا ہے تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے پولیس اہلکاروں اور افسران کو اپنے رویوں میں واضح اور نظر آنے والی تبدیلی لانا ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن