ڈاکٹر عبدالقدیر مجید نظامی کے بڑے متعرف،نوائے وقت کے باقاعدہ قاری تھے

Oct 11, 2021


لاہور (نیوز رپورٹر) معمار نوائے وقت گروپ مجید نظامی کی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ بہت اچھی رفاقت تھی۔ خود ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی مجید نظامی کے بڑے معترف  اور نوائے وقت کے باقاعدہ قاری تھے۔ ایٹمی دھماکوں سے قبل اور بعد میں ’’نوائے وقت‘‘ نے ان کے بارے میں کالم، نیوز سمیت مختلف پروگرامز بھی منعقد کئے گئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان لاہور جب بھی تشریف لاتے تو وہ مجید نظامی سے ضرور ملاقات کرتے۔ وہ نوائے وقت اور مجید نظامی کی شخصیت کا بہت احترام کرتے تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ پاکستان میں نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری صیح معنوں میںمجید نظامی اور نوائے وقت  ہی ادا کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب پرویز مشرف کے دور میں ان کو نظر بند کیا گیا تو مجید نظامی نے فیصلہ کیا کہ ان کی نظر بندی کے خاتمے تک ان کی خبریں دی جائیں گی۔ اس وقت نوائے وقت نے’’قومی امنگوں‘‘ کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک اشتہارکی جگہ صفحہ اول پر مخصوص کر دی گئی۔ جس میں ان کی نظر بندی کے خلاف نوائے وقت میں اس وقت تک صفحہ اول پر اشتہار لگتا رہا جب تک وہ رہا نہیں کر دیئے گئے۔ یوں مجید نظامی اور ادارہ نوائے وقت نے ان کی خدمات کو ان کی زندگی میں ہی سراہا اور ملک پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر ان کو خراج عقیدت  پیش کرتا رہا۔ آج محسن پاکستان ہم میں نہیں رہے تو مجید نظامی مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو ملک کے لئے ایک سرمایہ سمجھتی ہیں اور ادارہ نوائے وقت ان کی خدمات کا اعتراف ماضی کی طرح آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں