ڈاکٹر قدیر کا انتقال عظیم نقصان،مسلم لیگ ن آج یوم سوگ منائے گی،شہباز شریف

Oct 11, 2021


لاہور+اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اسے پاکستان کا ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات ایک قومی صدمہ ہے۔ حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان  کی تمام زندگی پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں صرف ہوئی۔ پاکستان اور قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان اور اس کے مفادات کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے مادی مفادات کے بجائے پاکستان کے لئے کام کرنا پسند کیا۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو توشہ آخرت بنا دے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آج ملک بھر میں یوم سوگ منائے گی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے رہنمائوں اور کارکنوں کو خصوصی محافل  کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ فاتحہ خوانی کی خصوصی محافل میں پارٹی رہنما‘ کارکنان شریک ہونگے اور محسن پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن)  لاہور کے  زیراہتمام آج بروز پیر سہ پہر 3-30 بجے پارٹی آفس میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور 4-30 بجے دعا ہوگی جس میں مسلم لیگ (ن)  کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوں گے۔ رکن قومی اسمبلی  محمد پرویز ملک‘  خواجہ عمران نذیر  نے تمام عہدیداران وکارکنان سے کہا ہے کہ وہ  قرآن خوانی میں شرکت کریں۔

مزیدخبریں