لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے رنج و دکھ کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وطن عزیز کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان ہیں اور ان کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار رہا۔ پاکستانی قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال سے پاکستان ایک محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایٹمی پروگرام کے ذریعے وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو صبر و تحمل سے یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ عثمان بزدار نے آزاد جموں وکشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے تعزیتی پیغام میں کشمیر کاز کے لئے سردار سکندر حیات خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار سکندر حیات خان کشمیری عوام کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے رہے۔ کشمیر کیلئے سکندر حیات خان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ملاقات کی جس میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام، سیاسی امور اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان پی ٹی آئی کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ماحول کو صاف رکھنے پر توجہ دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے بجٹ پر کٹ لگا کر فنڈز کو دوسرے منصوبوں پر خرچ کیا گیا۔ زرتاج گل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شوبازی کی نہ نعرے لگائے بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تاریخ ساز کارنامہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایم پی اے پیٹر گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پیٹر گل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیٹر گل کے صاحبزادے عامر گل کو فون کیا اور کہا کہ آپ کے والد پیٹر گل کے انتقال پر دلی دکھ ہوا۔آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
قوم ہمیشہ ڈاکٹر قدیر کی احسان مند رہے گی:عثمان بزدار
Oct 11, 2021