اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے۔ صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت ملک بھر کے سیاسی و مذہبی ودیگر رہنمائوں نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں 1982سے ذاتی طور پر جانتے تھے۔ قوم کے دفاع کے لیے ایٹمی صلاحیت پیدا کرنے میں ہماری مدد کی اور ایک عظیم قوم کبھی ان کی خدمات کو فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر بے حد افسردہ ہوں، ہمیں جوہری طاقت بنانے میں ان کے اہم کردار کے باعث قوم انہیں محبوب رکھتی تھی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات نے ہمیں جارحیت پسند اور ایک بڑے جوہری ہمسائے سے محفوظ بنایا، پاکستان کے عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو تھے، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے قدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر ڈپٹی قاسم خان سوری‘ وزیر دفاع پرویز خٹک‘ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر‘ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری‘ وزیر داخلہ شیخ رشید‘ وزیر تعلیم شفقت محمود‘ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق‘ چیئرمین سینٹ‘ ڈپٹی چیئرمین سینٹ و دیگر حکومتی شخصیات نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ان کی وفات سے پوری قوم افسردہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے لیے ان کی خدمات بہت بڑی ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات قومی سانحہ ہے۔ قوم عظیم مسلم سائنسدان اور قومی ہیرو سے محروم ہو گئی، ڈاکٹر صاحب نے اپنی صلاحیتوں سے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ امت مسلمہ صدیوں تک ان کی خدمات کو یاد رکھے گی۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں چوہدری شجاعت حسین اورچوہدری پرویز الہی نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان عظیم سائنسدان اور سچے پاکستانی تھے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، محسن پاکستان کی پاکستان سے محبت کا کوئی ثانی نہیں۔ سابق صدر آصف زرداری‘ سینیٹر رضا ربانی‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی‘ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد‘ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر‘ ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم‘ ناظم سیاسی امور چودھری کاشف نواز رندھاوا‘ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا‘ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر و دیگر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ وہ عظیم قومی ہیرو تھے۔