آسٹریلیا کا امریکہ سے985 کروڑڈالرمالیت کادفاعی سامان خریدنے کا معاہدہ

واشنگٹن (این این آئی )امریکا کے محکمہ خارجہ نے 985 کروڑ ڈالر مالیت کے معاہدے کے تحت آسٹریلیا کو 12 ایم ایچ60 آر ملٹی مشن سی ہاک ہیلی کاپٹروں کی ممکنہ فروخت کے سودے کی منظوری دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے محکمہ دفاع پینٹاگون نے اس دفاعی سودے کی منظوری کی اطلاع دی اور کہا کہ ہیلی کاپٹروں کی مجوزہ فروخت سے آسٹریلیا کی سطح سمندر پر اور آبدوز مخالف جنگی مشن انجام دینے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔اس کے ساتھ ساتھ اس کی تلاش، تحفظ اور مواصلاتی ریلے سمیت ثانوی مشن انجام دینے کی صلاحیت بھی بہتر ہو جائے گی۔امریکا نے گذشتہ ماہ آسٹریلیا کے ساتھ آبدوزیں فروخت کرنے کا بھی معاہدہ کیا تھا۔اس پر فرانس نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اس تناظر میں اب ایک حساس وقت میں یہ دفاعی سودا سامنے آیا ہے۔ آبدوزوں کے معاہدے کی وجہ سے فرانس کو کینبرا کے ساتھ اربوں ڈالرکا معاہدہ ختم کرنا پڑا تھا۔امریکا اور برطانیہ نے 15ستمبر کو ایک نئے ہند بحرالکاہل سکیورٹی اتحاد کا اعلان کیا تھا جو آسٹریلیا کو جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں سے لیس کرے گا۔ اس معاہدے کو خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر ورسوخ کا مقابلہ کرنے کے اقدام کے طورپر دیکھا جا رہا ہے۔اس کے بعد آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ 12روایتی ڈیزل الیکٹرک آبدوزیں بنانے کا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کا یہ معاہدہ 2016 میں طے پایا تھا۔آسٹریلیا کو ہیلی کاپٹروں کی فروخت اس سال اس کی امریکا سے فوجی ساز وسامان کی خریداری کے سلسلے ہی کی کڑی ہے۔جون میں آسٹریلیا نے امریکا سے 29 بوئنگ اے ایچ-64 ای اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹر خرید کیے تھے۔ ان کی مالیت 3.5 ارب ڈالر تک تھی۔

ای پیپر دی نیشن