رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) بھتہ نہ دینے پر جانو گینگ کے 3 مسلح افراد کی سی این جی اور سیڈ شاپ پر اندھا دھند فائرنگ، ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت 9 افراد مارے گئے، متعدد زخمی، ڈاکو باآسانی موقع سے فرار ہو گئے۔ علاقہ مکینوں نے نعشیں سڑک پر رکھ کر اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب، فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتارکرنے کا حکم، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت، مارے جانے والوں میں باپ دو بیٹوں سمیت شامل، مارے جانے والوں میں غلام نبی، نذیراحمد، منور، ظہیراحمد، محمدشریف، فاروق احمد، اللہ داد عرف دودھا اور عبدالرزاق شامل ہیں۔ فائرنگ اور ہلاکتوں کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ اس سلسلہ میں ترجمان پولیس نے بتایا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کو دیرینہ دشمنی قرار دینے کوشش کی جاری ہے، جبکہ علاقہ مکینوں نے میڈیا کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ واقعہ دیرینہ دشمنی نہیں بلکہ بھتہ نہ دینے پر ہوا ہے۔ ڈاکوؤں کی جانب سے مقامی پٹرول پمپ مالک ظہیر اندھڑ کو دھمکی آمیز میسج ملے تھے جس میں انہیں بھتہ کی ادائیگی اور علاقہ چھوڑنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔ گذشتہ روز تین مسلح ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہوکر پٹرول پمپ پر آئے اور آتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے پٹرول پمپ میں موجود ظہیر احمد اور فاروق کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر شیر علی زخمی ہوگیا جس کے بعد ڈاکو ساتھ سیڈ شاپ کے دفتر میں گئے اور وہاں پر خون کی ہولی کھیلی اور چھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈاکو تقریباً آدھا گھنٹہ تک علاقہ میں دندتاتے رہے۔ چوک سے چند قدم کے فاصلہ پر موجود پولیس چوکی کے جوان ڈر کر دبکے رہے۔ زخمی شیر علی نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد تین تھی جن میں سے تنویر اور شہزادہ دشتی کو وہ پہنچانتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کچہ کے علاقہ میں روپوش جانو انڈھڑ جوکہ پولیس کو قتل، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور پولیس اہلکاروں کے اغواء اور حملوں میں ملوث تھا چند روز قبل پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ڈی ایس پی صادق آباد نے کچہ کے علاقہ میں دی جانیوالی دعوت پر جانوانڈھڑ سے مذاکرات کئے اور یقین دہانی کروائی کے اس کے خلاف اندراج کئے گئے مقدمات پر نظرثانی کی جائے گی وہ جرائم چھوڑ کر واپس اپنی رہائش گاہ پر رہائش پذیر ہو جائے، جس پر چند روز قبل جانو انڈھڑ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ منتقل ہوگیا تھا۔
بھتہ نہ دینے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ ، ایک خاندان کے 6 افراد سمیت 9 جاں بحق
Oct 11, 2021