آزاد کشمیر ضمنی الیکشن‘ میرپور میں پی ٹی آئی کامیاب‘ کوٹلی پی پی کی جیت یقینی

Oct 11, 2021

مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقے  میرپور ایل اے 3 کے غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار یاسر سلطان 20142ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری محمد سعید 11608ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ اتوار کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ میرپور ایل اے 3اور کوٹلی ایل اے 12میں پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک جاری رہی۔ پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھنگڑے ڈالے۔ اس موقع پر کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔ ادھر وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار یاسر سلطان کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام  نے آج پھر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا۔ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے ضمنی الیکشن میں 198 میں سے 197 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے عامر یاسین نے 24335 ووٹ لیکر فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ تحریک انصاف کے شوکت جاوید 18858 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے ضمنی الیکشن میں گورنمنٹ گرلز کالج چنگ پور خواص پولنگ سٹیشن نمبر 29 کا رزلٹ روک دیا گیا۔ ڈی آر او میاں عارف کے مطابق پولنگ سٹیشن پر دوران پولنگ لیگی امیدوار کی طرف سے پولنگ عملے سے بیلٹ پیپر چھپننے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پریذائیڈنگ آفیسر کی رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں