سردار سکندر والد کے پہلو میں سپردخاک، 3 روزہ سوگ، نوائے وقت کے مستقل قاری تھے

کوٹلی،مظفر آباد (محمد رضوان قریشی سے، نمائندہ خصوصی )سپریم ہیڈ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس ،سابق صدر ،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی نماز جنازہ ہوائی جہاز گرائونڈ کوٹلی میں دن 11بجے جبکہ نکیال سٹیڈیم میں شام 4بجے ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،وزیر اعظم عبدالقیوم خان نیازی ، عتیق احمد خان، شفیق جرال، غلام قادر، نواز خان، فیصل ممتاز راٹھور، ظفر ملک،عنصر ابدالی، اخلاق، رفیق نیئر عبدالمنان گوہر،محمود ریاض،راجہ نثار احمد ،ولید انقلابی،قاسم مجید، ذوالفقار ملک، مرزا شوکت حیات سمیت مختلف مکاتب فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سکندر حیات نماز جنازہ معروف روحانی مرکزخانقاہ سلطانیہ جہلم کی روحانی شخصیت قبلہ حاجی پیر ؒ کے فرزند اور قبلہ حضرت صاحبؒ خانقاہ فتحیہ گلہار شریف کے پوتے پیر بدرالاسلام کی امامت میں ادا کی گئی۔ سردار سکندر حیات خان کی دوسری مرتبہ نکیال میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں اشکبار آنکھوں کی موجود گی میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ۔نماز جنازہ کے شرکاء نے ان کے بیٹوں سابق وزیر مال سردار فاروق سکندر ،سردار طارق سکندر ،بھائیوں سردار محمد نعیم خان ،سردار سرفراز خان اور خاندان کے دیگر سوگواران سے اظہار افسوس کیا ۔انہیں والد غازی کشمیر سردار فتح محمد خان کریلوی کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ مظفرآبادسے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومت آزادکشمیر نے سکندر حیات خان کی وفات پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔سالار جمہوریت کی وفات پرشہر کی فضا سوگوار ۔نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاک وچوبند دستے کی سلامی دی ۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان گزشتہ پانچ دہائیوں سے روزنامہ نوائے وقت کے مستقل قاری تھے ۔علی الصبح نوائے وقت کا مطالعہ ان کی زندگی کا معمول رہا ۔وہ میڈیا نمائندگان سے ملاقات کے وقت معمارنوائے وقت اور امام صحافت مجید نظامی کی صحافتی خدمات کا تذکرہ کرتے ۔

ای پیپر دی نیشن