حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد خاں کی ہدایت پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حافظ آباد محمد عادل سہیل نے اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 12گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر کے ڈرائیوروں کو ہزاروں روپے جرمانہ کیا۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد عادل سہیل نے موٹر وہیکل ایگزیمنر کے ہمراہ جناح چوک،کسوکے بائی پاس ،قلعہ صاحب سنگھ چوک اور پنڈی بھٹیاں کے مختلف علاقوں میں ریت سے بھرے ڈمپرز اور دیگر اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرتے ہوئے 12گاڑیوں کے چالان کر کے انہیں تھانوں میں بند کر دیا جبکہ متعدد ڈرائیورز کو مجموعی طور پر دس ہزار سے زائد جرمانہ بھی کیا۔سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کا کہنا تھا کہ اوور لوڈنگ قانون جرم بھی ہے اور بعض اوقات انسانی جانوں کے لیے خطرے کا باعث بھی بنتی ہے اس لیے اوور لوڈنگ کرنے والوں اور بالخصوص ریت لیجانے والے ڈمپرز مالکان کے خلاف سخت کاروائیاں جاری رہیں گی۔