ملت اسلامیہ پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں بسنے والے امت مسلمہ کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پرگہرے غم و دکھ سے دو چار ہے سلام ہے اس عظیم ماں پر جس نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے سپوت کو جنم دیا کہ جس نے دیار غیر میں پڑھ کر یہ ارادہ کیا کہ وہ اللہ تعالی کی طرف سے عطاکی گئی صلاحیتوں کے بل بوتے پرپاکستان کو ایٹمی پاور بنا دے گا اور اللہ تعالی نے ان کی کاوشوں کو جلا بخشی اور 28 مئی 1998 کو پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی پاور والا ملک بن گیا ۔ کراہ ارض پر بسنے والے کروڑوں کلمہ گو مسلمانوں کے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے پر دیدنی خوشی دیکھنے والی تھی، پوری امت مسلمہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود تھی کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا ایساہی ہے جیسے ہم ایٹمی قوت بن گئے ہیں۔ دشمنان پاکستان میں صف ماتم بچھ گئی تھی اور انہوں نے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے پر اسے اسلامی بم قرار دیا اور آج تک پاکستان کا ایٹمی قوت رہنا ان کے سینوں پر مونگ دل رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جنہیں مرحوم لکھتے ہوئے کلیجہ منہ کو آرہا ہے انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات ایک قومی سانحہ ہے جس سے پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ اس عظیم شخص نے ہر قسم کے دباو اورعالیشان مراعات کو پاوں کی ٹھوکر پررکھا اور پاکستان کوایٹمی پاکستان کی نعمت سے نوازا۔ اللہ تعالی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے بہت بڑا کام لیا وہ صرف ایٹمی سائنسدان ہی نہیں بہت بڑے زاہد و عابد بھی تھے ۔وہ راتوں کو اٹھ کر اللہ کی عبادت کرنے والے، تہجد پڑھنے والے، قرآن کے قاری،عالم و ادیب تھے۔ وہ پاکستان میںاسلامی نظام رائج دیکھنے کے خواں تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کے ہیرو تھے۔ قومی اسمبلی ،سینٹ سمیت تمام صوبائی اسمبلیاں ،سیاسی ،دینی ، سماجی ،صحافتی ، وکلائ، طلباء ،مزدور ،ڈاکٹرز ،ادبی ، کسان تنظیموں کا حق ہے کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات منعقد کریں ۔ان کے لیے داد وتحسین کی قراداد یں منظور کریں ،اس کے ساتھ ساتھ پوری قوم ان کے لیے دعائے مغفرت کرے ، مساجد ، مدارس ، خانقاہوں میں ان نے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیرخان کو غریق رحمت کرے۔ ان کی قبر کو نور سے بھر دے۔ حق مغفرت کرے عجب مرد آزاد تھا ۔