لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو انٹرنیشنل ٹیمیں خود پاکستان آئیں گی۔ رمیز راجہ نے ڈومیسٹک ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اچھی کرکٹ کھیلنے کی تلقین کی۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی محنت کریں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، میرٹ پر سلیکشن ہوگی۔ کوچز اور پچز کے معیار کو بہتر کریں گے، سب نے مل کر پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنانا ہے۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں رمیز راجہ نے نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جواب دیئے، ملاقات میں ٹیموں کے کوچز اور سپورٹ سٹاف کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کرکٹرز کو کھیل میں جدت لانے، فیلڈنگ اور فٹنس بہتر بنانے کی ہدایت کیساتھ انٹرنیشنل معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور مزید پیسہ خرچ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ سربراہ کا موقف تھا کہ یہاں چیئرمین پی سی بی نہیں، بطور کرکٹرز ملاقات کیلئے آیا ہوں، آگے بڑھنے کیلئے شارٹ کٹ کو ذہن سے نکال دیں، سخت محنت سے خود کو منوائیں، پرفارمرز کو ضرور موقع ملے گا، کوچنگ کے معیار کو بھی بہتر بنانا ہے، اس میں غیر ملکی کوچز بھی لائیں گے، پاکستان کرکٹ کی بہتری میں سب کو کردار ادا کرنا پڑیگا۔ میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔