لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سکواڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، قومی سکواڈ آج اور کل ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کرے گا۔ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بھرپور تربیتی سیشن ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی جاری ہے۔تربیتی مشقوں کے دوران باؤلنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر کا بائولرز کیساتھ خصوصی سیشن ہوا اور کھلاڑیوں نے نیٹ سیشن سے فیلڈنگ ڈرلز بھی کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سکواڈ کا نیٹ سیشن چار گھنٹے تک جاری رہا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے روانگی سے قبل 14 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سینیریو میچ کھیلا جائیگا جبکہ 15 اکتوبر کو کھلاڑی متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہوں گے۔ فاسٹ بائولر حسن علی نے کہاہے کہ بھارت کو ہی نہیں نیوزی لینڈ کو بھی ہرانا ہے، دونوں میچز بڑے اہم ہیں، پلان کر کے جائیں گے میچز کو آسان نہیں لیں گے۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ میگا ایونٹ کے آغاز میں ہی پاکستان ٹیم کے دونوں میچز بڑے اہم ہیں، بھارت کیخلاف میچ کی شہرت تو ہمیشہ ہوتی ہے اب نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے بھی بہت چرچے ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ ختم کر کے گئی ہے، بھارت کیخلاف جیت کیساتھ میگا ایونٹ کا آغاز کریں گے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی ہرائیں گے، رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن کوشش ہمارے ہاتھ میں ہے جو ہم کریں گے، ہر میچ کا دباوہوتا ہے، پروفیشنل ہیں دباوسے نکلنا جانتے ہیں، متحدہ عرب امارات میں سلو پچز ہوتی ہیں لو سکورنگ میچز ہوں گے، 170 تک سکور بن جاتا ہے اس دوران میرا رول سادہ سا ہے کہ رنز روکنے اور وکٹیں لینا ہے۔حسن علی نے میگا ایونٹ سے پہلے کوچز کی تبدیلی کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورنن فلینڈر سے ملاقات ہوئی ہے اگرچہ انہوں نے ٹی ٹونٹی زیادہ نہیں کھیلی لیکن وہ اچھے بائولر ہیں، میگا ایونٹ سے پہلے تبدیلی نہیں ہونی چاہئے تھی، وقار یونس کو ہونا چاہئے تھا لیکن مینجمنٹ کی تبدیلی ہمارے ہاتھ میں نہیں یہ بدقسمتی ہے، میں نے وقار یونس سے بہت سیکھا ہے۔ ابھی ہمارے پاس وقت ہے کوشش ہو گی کہ جہاں کام کی ضرورت ہے کریں گے، تاخیر سے تبدیلیوں کی وجہ سے فرق نہیں پڑے گا ہمارا اچھا کمبی نیشن بنے گا، ٹیم میں سینئرز کا کردار بڑا اہم ہوتا ہے بہت اچھا ہے کہ ہمارے پاس تین چار بڑے کھلاڑی ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہم اچھا کھیل کر ٹرافی جیتیں گے میں نے جیت کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ہم پوری کوشش کر کے ٹرافی جیتیں گے۔
قومی کرکٹرز کی ٹریننگ شروع بھارت ، نیوزی لینڈ کو ہرائیں گے حسن علی
Oct 11, 2021