لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مقروض رہیں گے۔ہمارے قومی ہیرو اور اثاثہ کی موت کی خبر سْن کے بہت دْکھ ہوا جنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کیلئے وقف کر دی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات نے ہمیں مضبوط بنایا اور ساتھ ہی فخر کرنا بھی محسوس کروایا۔جناب! آپ کو ہمیشہ محسنِ پاکستان کے طور پر یاد رکھا جائیگا اور ہم ہمیشہ آپ کے مقروض رہیں گے۔انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی بیشمار خدمات کیلئے اْن کا شکریہ بھی ادا کیا۔سابق سپنرسعید اجمل نے انہیں سلام پیش کیا اور کہاپاکستان کیلئے ایٹمی بم تخلیق کرنیوالے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہمیشہ پاکستان کے قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر صاحب کی تمام بے مثال خدمات کیلئے سلام پیش کرتے ہیں۔فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم نے ایک اور قیمتی اور غیر معمولی محبِ وطن انسان کو کھودیا ’وہ محسنِ پاکستان، اصلی ہیرو اور پاکستان کے محافظ تھے۔ قوم آپ کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا سن کر بہت دکھ ہوا، مرحوم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس سے ملک کا دفاع مضبوط ہوا۔ عبدالقدیر خان کرکٹ کے شوقین تھے ، اللہ انکی مغفرت کرے۔