سبزی منڈی کراچی کی مارکیٹ  کمیٹی کو معطل کیا جائے،حافظ ابوحمزہ 

کراچی(اے پی پی )کراچی کی نیوسبزی منڈی بین الاقوامی منڈی ہے لیکن یہ منڈی مسائل کا گڑھ بن چکی ہے اور مسائل کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات مقررین نے نیو سبزی منڈی میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کراچی ویجیٹیبل ٹریڈرز ویلفیر فیڈریشن نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے کے زیراہتمام منعقدہ اجلاس کی صدارت فیڈریشن کے چیئرمین حاجی محمد عظیم خان نے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرقی ڈزاسٹر مینجمنٹ کے چیف آرگنائزر حافظ ابو حمزہ نے کہا کہ اس وقت منڈی میں کام کرنے والے مزدور، دکاندار، ٹرانسپورٹر، آڑھتی اور خریدار کوئی بھی محفوظ نہیں ،  لوگوں سے ان کی رقم ، موبائل فون ، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چھین  لیے جاتے ہیں،  منڈی میں صفائی ستھرائی کا بھی بہت بڑا فقدان ہے اور پوری منڈی کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہی ہے،سبزی منڈی کی مارکیٹ کمیٹی یہاں سے رقم وصول کرتی ہے لیکن اپنے فرائض پورے نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین علی احمد جوکھیو اور کمیٹی کے دیگر ممبران کو معطل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں تمام بے قائدگیاں اور ناانصافیاں ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منڈی کا امن و امان تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے۔ اجلاس سے جن دیگر عہدیداروں نے بھی  خطاب کیا ، ان میں فیڈریشن کے چیئرمین حاجی محمد عظیم ،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرئوف سونالی، انفامیشن سیکرٹری راجہ شبیر، چوہدری بن یامین یوسف شامل تھے۔ واضح رہے کہ سبزی منڈی اور اس کے آس پاس کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر متعلقہ تھانے کے افسران بھی تبدیل ہوچکے ہیں، مگر مسائل جو ں کے توں نظر آرہے ہیں۔ مقررین  کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلی سندھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم اپنے مسائل کے حل لئے سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے ہیں، اگر مسائل ترجیحی بنیاد پر حل نہیں کئے گئے تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے احتجاج کے راستے کی جانب جائیں گے۔
سبزی منڈی 

ای پیپر دی نیشن