حضورﷺ کو اللہ تعالی نے انسانیت کے لئے آخری ہدایت کا سر چشمہ بنا کر بھیجا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ حضورﷺ کو اللہ تعالی نے انسانیت کے لئے آخری ہدایت کا سر چشمہ بنا کر بھیجا،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بعثت کے بعد عمر بھر جس لگن اور ذمے داری کے ساتھ اپنے فرض کو پورا کرکے انسانیت کو پستی سے نکال کر رفعت تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیا، اس کی مثال تاریخ عالم پیش کرنے سے قاصر ہے۔ رسول کا مثالی طرز حکمرانی، جس نے داخلی و خارجی سطح پر بکھرے یثرب کو دنیا کی بہترین اسلامی فلاحی ریاست مدینہ میں تبدیل کر دیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالا میں عظیم الشان ’’اسلام زندہ باد کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ ،مولانا عبدالقدوس احمدانی،مفتی ولی محمد سہتو نے بھی خطاب کیا۔ممتازسہتو نے مزید کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں ریاست مدینہ کی ضرورت ہے، آج یہاں بدامنی، کرپشن، مہنگائی، لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، سیرت رسول میں ہمارے لئے ہدایات ورہنمائی موجود ہے جب عرب کا معاشرہ چوروں، رہزنوں اور ظالموں کے شکنجے میں گرفتار تھا تو محمد عربی نے ایک عظیم الشان تحریک برپا کی جس میں دعوت ،ہجرت اور شہادتوں کا سلسلہ ان قربانیوں کے نتیجے میں بلاآخر عرب کے معاشرے کو وقت کے ابوجہل سے نجات ملی، جماعت اسلامی عموما پوری دنیااور خوصاً پاکستانی عوام کے سامنے یہ پیغام رکھتی ہے کہ کلمے والا پرچم اٹھاکر پورے پاکستان سے صالح اور نیک عناصر کو جمع کرکے پاکستانی اقتدار کے ایوانوں سے ظالموں کو نکال کر صالح قیادت اور نظام شریعت کو نافذ کرکے پاکستان میں خوشحالی، عدل وانصاف کا راج قائم کریں۔ سندھ مسلسل ایک کرپٹ اور نااہل ٹولے کے قبضے میں ہے جنہوں نے سندھ کے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ان لوگوں کواقتدار سے ہٹائے بغیر سندھ کی خوشحالی ناممکن ہے، یہ لبرل ،سیکولر طبقہ سندھ کے عوام کا خون تو چوستا ہے لیکن سندھ کے حقوق نہیں دلواسکتا، سندھ کا غریب آدمی غریب تر اور اپنے بچوں سمیت کنووں میں کود کر خودکشیاں ،سندھ کے خواتین کا قتل معمول، تعلیم مہنگی اور تباہ جبکہ غریب کیلئے تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں، یہ حکمران ہمارے حقوق مفت میں نہیں دینگے ان سے حقوق اب چھین کر لینے ہونگے۔
جماعت اسلامی 

ای پیپر دی نیشن