کراچی (نیوز رپورٹر) سید یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام امام حسن کانفرنس و استقبالیہ ربیع الاوّل کی تقریب ککڑی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ جس سے علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، علامہ سید مظفر حسین شاہ قادری، شبیر ابوطالب، سید محمد عباس نورانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شہر بھر کی سماجی مذہبی و سیاسی شخصیات ثروت اعجاز قادری، سید مکرم اشرف جیلانی، سید جنید باپو، سید یوسف باپو، حاجی محمد رفیق پردیسی، سید عبدالحمید کوثر باپو، اقبال باوا، سید عبدالقادر، سید اصغر باپو، شاہد باپو، عبدالقادر نورانی بھولو، عبدالوحید یونس بھی موجود تھے۔ مقررین نے امام حسن کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول خدا ﷺ نے امام حسن کی عظمت بیان کرتے ہوئے اُنہیں جنت کے نوجوانوں کا سردار کہا اور انہیں مسلمانوں کے دو بڑے گروہوں کے درمیان صلح و آشتی کا سفیر قرار دیا۔ امام حسین نے امن آشتی کا کرینہ اور چین سے جینا سکھایا۔ بارگاہ رب العزت سے ملنے والے مقام اور مرتبے کی پاسداری کیلئے آپ نے تاج و تخت کو ٹھوکر ماردی اور نبی کریم ﷺ کے فرمان کو سچا ثابت کردیا۔ آپ کا چہرہ شبیہ رسول اور کائنات آپ کے قدموں کی دھول ہے آپ نے خاموش رہ کر حکومت کی باگ کو موڑ دیا اور ظلم کی ہر زنجیر کو توڑ دیا انہوں نے کہا کہ امام حسن مجتبیٰ ؓ کے مثالی کردار کی مثال رہتی دنیا تک نہیں مل سکے گی۔ آپ نے اپنا دست عطاء اپنے دشمنوں پر بھی دراز رکھا اس موقع پر استقبالیہ ربیع الاول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ربیع الاول ماہ ولادت مصطفی ہے جن کی آمد سے کفر کی تاریکیاں چھٹ گئیں بے چینوں کو چین بے قراروں کو قرار بے سہاروں کو سہارا ملا۔ ا س ماہ میں نفرتوں اور فرقہ واریت کے الاؤ نہیں محبتوں کے چراغ جلانے کی ضرورت ہے۔ نبی کریم ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی اطاعت اور اُس کے بندوں کی خدمت کا جذبہ بیدار کرنا ہوگا۔ جشن میلاد النبی ﷺ کوئی رسم نہیں بلکہ ایک مشن ہے جس کے ذریعے آقائے علیہ سلام کے نظام کو نافذ کرکے پوری دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
علامہ کوکب اوکاڑوی