اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) فلاحی ریاست کے تصور کے پیش نظر تحریک انصاف کی حکومت نے غریب شہریوں کا بھرپور خیال رکھا ہے، خود کفالت کے حصول کیلئے ٹیکسوں کی ادائیگی کا کلچر فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریکِ انصاف زاہد حسین کاظمی نے وزیرِ خزانہ شوکت ترین سے خصوصی ملاقات میں کیا۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی امور، عوام کو فراہم کردہ سہولیات اور ٹیکس نظام کی اصلاح کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے زاہد حسین کاظمی کو پاکستانی معیشت کو اٹھانے کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور اپنے دورہ امریکہ کے اہداف سے بھی آگاہ کیا۔اپنی گفتگو میں مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوروں اور کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کاروائی ناگزیر ہے ۔