صوبے بھر میں پاک ٹی ہاوس کے طرز پر ثقافتی ٹی ہاوسز کے قیام کا فیصلہ

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سرردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں پاک ٹی ہاوس کے طرز پر ثقافتی ٹی ہاوسز کے قیام کا فیصلہ ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں سول سیکریٹریٹ لاہورمیں سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب آرٹس کونسل ابرار عالم نے پنجاب آرٹس کونسل میں ثقافتی ٹی ہاوسز کے قیام کے سلسلے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب آرٹس کونسل کے ڈویثرنل ڈائریکٹرزبھی شریک تھے جن میں وقار احمد،ریاض حسین ہمدانی، محمدحلیم،سلیم قیصر،زاہداقبال، زبیرربانی سمیت دیگر ڈویژنل ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔
 راجہ جہانگیر انور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ثقافتی ٹی ہاوس شعرا کرام، ادیب، مصنف اور آرٹسٹوں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہو گا جہاں وہ اپنے خیالات، احساسات، سوچ کودنیا تک پہنچا سکیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب صوبے بھر میں ادب وثقافت کو مزید پروان چڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔صوبے بھر میں ثقافتی ہاوسز کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈائریکٹر  پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی وقاراحمد نے اجلا س کے شر کا کو بتا یا کہ پنجاب آرٹس کونسل راوالپنڈی میں ادبی حلقوں کے لیے ادبی  بیٹھک کا قیام 2017میں عمل میں لایا گیا تھا جہاں پر نئی کتابوں کی رونمائی، مشاعرے،شعرا کرام کے ساتھ شام جیسے ادبی پروگرام تواتر کے ساتھ منعقد کیے جاتے ہیں۔ اجلاس کے آخر میں سیکریٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور نے ثقافتی ٹی ہاوسز کے متوقع خدوحال جلد از جلد پیش کرنے پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن