جرمن چانسلرنجیلا میرکل نے کہا ہے کہ اسرائیل کی سکیورٹی ہر جرمن حکومت کی ترجیح رہے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات انہوں نے بطور چانسلر اسرائیل کے اپنے آخری دورے کے دوران کہی ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے آئندہ ہفتے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے پر اختلافات برقرار رہنے کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ایران زیادہ سے زیادہ یورینیم افزودہ کرتا جائے گا۔میرکل کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی صدر شی جِن پِنگ کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے میں مدد کریں۔میرکل کا اس موقع پر کہنا تھاکہ ہولوکاسٹ میں انسانیت کے خلاف جرائم کے بعد، جرمنی کے اندر تعلقات کو نئے سرے سے اور نئے طریقے سے استوار کرنا ممکن ہوا۔ میرکل نے مزید کہاکہ میں اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دوں گی کہ اسرائیل کی سکیورٹی ہر جرمن حکومت کے لیے ہمیشہ مرکزی اہمیت کی حامل رہے گی۔