افغان صوبہ کنڑ حملے میں کمانڈر عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں سمیت زخمی

Oct 11, 2022

کابل(آئی این پی) افغانستان کے صوبے کنڑ میں ایک حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں سمیت زخمی ہو گیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق افغان صوبے کنڑ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر پر حملہ ہوا ہے، جس میں عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں حمزہ اور حکومت بابا سمیت زخمی ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے کالعدم تنظیم کے کمانڈر عبداللہ کی گاڑی پر حملہ ہوا ہے، یہ حملہ آئی ڈی کے ذریعے کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں عبداللہ باجوڑی کی رہائش گاہ پر افغان طالبان نے چھاپا بھی مارا تھا اور گھر کا گھیرا کیا تھا۔واضح رہے کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی اراکین ڈرون سمیت مختلف کاروائیوں میں مارے جا چکے ہیں، جن میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔تحریک طالبان کے اہم کمانڈرز شیخ خالد حقانی، سابق ترجمان خالد بلتی المعروف محمد خراسانی اور نائب سربراہ عمر خالد خراسانی بھی اسی طرح ٹارگٹ کلنگ اور آئی ڈی دھماکوں کا نشانہ بنے ہیں۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد تحریک طالبان کے سربراہ نور ولی محسود نے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری سفر اور ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔ افغانستان میں کنٹر اور ننگر ہار میں تحریک طالبان کے مضبوط ٹھکانے قائم ہیں، جہاں سے کئی بار پاکستانی فورسز پہ حملے کیے جا چکے ہیں، جس پر پاکستان نے افغان حکومت سے احتجاج بھی کیا۔

مزیدخبریں