نوازشریف نے جو سوال اٹھائے ان کے جواب ملنے چاہئیں: جاوید لطیف

Oct 11, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو باربار روکا گیا مگر وہ عوامی حمایت اور طاقت سے بار بار منتخب ہو جاتے ہیں، نواز شریف نے جو سوالات اٹھائے ہیں ان کے جوابات انہیں ملنا چاہئیں، اگر کسی صوبے کے وسائل کے بل بوتے پر کوئی مرکز پر حملہ آور ہوکر اپنے من پسند فیصلے لینا چاہتا ہے تو وہ جان لے کے ہم ریاست پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈکٹیشن لینے سے انکار کرنے پر ہٹایا گیا۔ سوال یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف کون سازشیں کرتا رہا، نواز شریف نے جو سوالات اٹھائے ہیں انہیں ان کے جواب ملنا چاہئیں،2013 ء میں جب چین پاکستان کو اقتصادی راہداری کا منصوبہ دے رہا تھا تواس وقت سازش کس نے کی تھی اور نواز شریف کے پھلتے پھولتے پاکستان اورخوشحالی میں رکاوٹ کس نے ڈالی تھی۔ انہوں نے کہاکہ لوٹا کریسی کے ذریعے اداروں کے خلاف جو سازش کی وہ آڈیو لیک میں واضح ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے قربانیاں اس لئے نہیں دی گئیں کہ بار بار اس کی سلامتی سے کھیلا جائے، اگرکسی طرف سے لاڈلے پن کی انہیں کوئی امید ہے بھی تو وہ وقت نہیں آنا چاہئے کہ باقی صفحے بھی پڑھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پر ہم کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
جاوید لطیف

مزیدخبریں