اسلام آباد(خبرنگار خصوصی) امریکی کوسٹ گارڈ کے جہاز CHARLES MOULTHROPE اور EMLEN TUNNEL نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کراچی کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ اور امریکی سفارتخانے کے حکام نے گرمجوشی کے ساتھ امریکی جہازوں کا استقبال کیا۔ امریکی بحری جہازوں کا دورہ مختلف آپریشنل سرگرمیوں پر مشتمل تھا جن میں بندرگاہ پر ملاقاتی سیشنز اور سمندر میں مشترکہ بحری پیشہ ورانہ مشقیں شامل ہیں۔ قیام کے دوران امریکی بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز نے کمانڈر پاکستان فلیٹ اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بندرگاہ کے دورے کی تکمیل پر USCG، پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے جہازوں کے درمیان شمالی بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشقیں کی گئیں۔ مشقوں میں غیر متناسب حملوں کے خلاف دفاع، بورڈنگ، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور گشت شامل تھے۔ مشق کا مقصد دونوں ممالک میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور باہمی تعاون کو بڑھانا تھا۔ یو ایس سی جی کے جہازوں کا دورہ اور مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد پاک بحریہ کی ایک قابل قدر قوت کے طور پر پہچان کا مظہر ہے اور خطے میں کام کرنے والے شراکت دار ممالک کے ساتھ اشتراک کے لیے باہمی تعاون کے فریم ورک کے تحت علاقائی استحکام اور سمندر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، متوقع ہے کہ یو ایس سی جی کے جہازوں کے دورے اور دو طرفہ مشقوں کے انعقاد سے دونوں ممالک کے
درمیان بالعموم اور بحریہ کے درمیان بالخصوص موجودہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دورہ
امریکی کوسٹ گارڈ کے جہازکا جذبہ خیر سگالی کے تحت کراچی کا دورہ
Oct 11, 2022