اللہ کے رسول کی ولادت کا جشن تاقیامت مناتے رہیں گے، پیر ارشدکاظمی

Oct 11, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے زیراہتمام 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس بانی و مہتمم دارالعلوم سبحانیہ رحیمیہ و امیرتحریک اہلسنّت پاکستان سندھ صوفی سید ارشد علی کاظمی القادری کے زیرسرپرستی نکالاگیا،جلوس کی قیادت صاحبزادہ عبد الرحیم شاہ صدر یوتھ ونگ تحریک اہلسنّت پاکستان کراچی  اورعلامہ مولانا قاری محمد صابر گولڑوی صدر علماء مشائخ ونگ تحریک اہل سنت پاکستان کراچی،قاری شاہد قادری ،صوفی جمال الدین قادری صدر تحریک اہل سنت پاکستان کورنگی ٹاؤن کراچی،محمد ریحان میانور قادری صدر تحریک اہل سنت پاکستان گلبرگ ٹائون کراچی اور دیگر علمائے کرام مشائخ عظام نے کی ۔جلوس میں تحریک اہل سنت کی کارکنوں کی بھرپور تعداد نے شرکت کی،جلوس جشن عید میلادالنبی ﷺ شاہ لطیف ٹائون سے مختلف راستوںسے ہوتاہوا دارالعلوم میں اختتام پذیر ہوا،راستے میں مختلف مقامات پر تقاریر کا سلسلہ جاری رہا جس کا موضوع میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت اور فضیلت کو اجاگر کرنا تھا،اس دوران نعروں کی گونج سے پوری فضاء گونج اٹھی۔اس پورے جلوس کی نگہبانی اور سکیورٹی محمد شہباز قادری کی سربراہی میں تحریک اہل سنت پاکستان کے کارکنوں نے بھرپور انداز میں کی۔صوبائی صدر تحریک اہلسنّت پاکستان نے اس موقع پر کہاہے کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت کا جشن مناناہمارے خون میں شامل ہے ،دنیاکی کوئی طاقت سرکار ﷺ کے ذکر کوروک نہیں سکتی کیونکہ اس کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لیاہوا ہے، سرکارﷺ کے دیوانے اللہ کے رسول کی ولادت کا جشن تاقیامت مناتے رہیں گے۔

مزیدخبریں