کراچی (کامرس رپورٹر) ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مسلسل تگڑا ہو رہا ہے۔ پیر کو روپے کی قدر مزید 2 روپے اضافے سے ڈالر کی قیمت 218 روپے ہو گئی۔ انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.96 روپے کی کمی سے 217.96 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر دو روپے کمی سے 220 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کی کمی سے 1677 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ کمی کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700 روپے اور 600 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ کراچی‘ حیدرآباد‘ سکھر‘ ملتان‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 143100 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی گھٹ کر 122685 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے کی کمی سے 1570 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 8.58 روپے کی کمی سے 1346.02 روپے کی سطح پر آگئی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کے روز تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 100سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا، جس کی وجہ سے انڈیکس 42ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر 42200 پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 12ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروباری تیزی کی وجہ سے48 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔