کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا ہے کہ سٹہ اور غیر رسمی کرنسی مارکیٹ میں کریک ڈاؤن سے روپیہ مضبوط ہوا ہے۔ انٹر بنک تبادلہ میں ڈالر کی سپلائی بہتر ہے، اس مہینے کے آخر تک دو ارب ڈالر کی ترسیلات متوقع ہیں، ہم اپنے بیرونی واجبات وقت پر ادا کر رہے ہیں، بیرونی ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ ذخائر برقرار ہیں۔ سٹیٹ بنک نے آئی ایم ایف کے ستمبر تک کے اہداف پورے کئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ تین عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو 4 ارب ڈالر دیں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 1 ارب 50 کروڑ ڈالر دے گا۔ مرکزی بینک کے مطابق ورلڈ بینک پاکستان کو 1 سے 2 ارب ڈالر دے گا، جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر دے گا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک 25 اکتوبر کو قرض منظوری کے لیے اجلاس منعقد کرے گا۔ اپنے بیان میں سٹیٹ بینک نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کی پہلے سہ ماہی میں 4 ارب ڈالر قرضوں کی مد میں ادا کیے ہیں۔ اکتوبرکے 10 روز میں 60 کروڑ ڈالر قرض میں ادا کیے گئے۔