شہر میں لاقانونیت ‘جرائم اپنے عروج پر ہے،ڈاکٹر نگہت


کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے آفا ق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی بار کونسل سے آئے وکلا کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شہر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں لاقانونیت اور جرائم اپنے عروج پر ہے جبکہ پولیس و انتظامیہ تماشائی بنی اپنی بے بسی کا رونا روتے دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں تیزی سے بڑھتے جرائم اور ان میں ہونے والی ہلاکتیں نظام ِانصاف پر بدنما داغ ہیں،جہاں صرف ایک موبائل فون کیلئے کسی انسان کی جان لے لی جاتی ہے جو درحقیت حادثے کا شکار بننے والے فرد کے خاندان کیلئے عمر بھر کی سز ا بن جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی کاروائیوں کے پیچھے کراچی کے امن کو برباد کرنے کے ساتھ ساتھ شہر پر سیاسی تسلط قائم کرنے غیر مقامی افراد کو مسلط کیا جارہا ہے، جس کی تکمیل کیلئے معصوم لوگوں کی زندگیو ں تک کو لقمہ اجل بنایا جارہا ہے یہ گھنانا کھیل بند نہ کیا گیا تو لوگوں کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں شہر بھر میں کچی و غیر قانونی بستیاں بسانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جہا ں حکومتی سر پرستی میں دیگر شہروں اور صوبوں سے جرائم پیشہ افراد اور مختلف جرائم میں مطلوب مجرموں کو بغیر کسی ریکارڈ کے لاکر نہ صرف بسایا جارہا ہے بلکہ بنیادی سہولیات فراہم کرکے انہیں مضبوط کیا جارہاہے جس کا مقصد شہر کی آبادی کے تناسب بگاڑنے کے علاوہ شہر کے امن وامان کو برباد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی جیلوں میں قید مجرموں اور مختلف کاروائیوں میں پولیس وعوام کے ہاتھوں گرفتا ر افراد کا ریکارڈ چیک کیا جائے تو 80فیصد سے زائد لوگ غیر مقامی ہیں جوکراچی کی عوام کے خلاف منظم سازش ہے۔

ای پیپر دی نیشن