پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ ،3 ون ڈے میچز میں آمنے سامنے ہونگی، دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 میچز کھیلے گی 

 لاہور (سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا جس کے دوران مہمان ٹیم 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچزکھیلنے پاکستان آئے گی۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 2 مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق دورے کے پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے 8 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔اس دورے میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 میچز کھیلے گی، اس دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔اس مرحلے میں شامل ابتدائی 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، پانچواں ٹی ٹوئنٹی اور ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ نے کہا ہے کہ بلیک کیپس شدت سے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے، جبکہ ڈائریکٹرانٹرنیشنل پی سی بی نے بیان میں کہا کہ نیوزی لینڈ ایک بہترین ٹیم ہے اور ان کے خلاف اپنے ہوم گرائونڈ میں کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو بہت فائد ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن