لاہو ر(کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 18ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی16 ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 17ارب 39کروڑ 14لاکھ 58ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کی۔ جن سکیموں کی منظوری دی گئی۔ ان میں وزیر اعلیٰ آفس کیلئے 3کلب روڈ، جی او آر (ون) لاہور میں وزیر اعلیٰ انیکسی بلڈنگ کے قیام کیلئے 42 کروڑ 77 لاکھ 56 ہزار روپے، ضلع لیہ میں کوٹلہ حاجی شاہ تا لسکانی والا برآستہ بستی شادو خان روڈ کی بہتری و بحالی کیلئے 70 کروڑ 51 لاکھ 92 ہزار روپے، ضلع میانوالی تحصیل عیسیٰ خیل میں کالا باغ تا کوٹ چندنا روڈ کی تعمیر، بہتری و بحالی کیلئے 49 کروڑ 72 لاکھ 67 ہزار روپے، ضلع میانوالی میں لاہور سرگودھا میانوالی بنوں روڈ کی بحالی کیلئے 1 ارب 1 کروڑ 84 لاکھ 68 ہزار روپے، سرگودھا میں ڈسٹرکٹ باؤنڈری چنیوٹ تا تہلی اڈہ ڈسٹرکٹ باؤنڈری کی بحالی کیلئے 1 ارب 75 کروڑ 69 ہزار روپے اور اریگیشن کنوینس نیٹ ورک کی ڈویلپمنٹ کے ذریعے دریائی علاقوں میں زمینی فضلہ کی ڈویلپمنٹ کیلئے 2 ارب 60 کروڑ 8لاکھ 2 ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر محمد انور سہیل چوہدری سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔