کراچی (اسپورٹس ڈیسک)برازیلی گول کیپنگ کوچ مارسیلو کوسٹا شروڈ پاکستانی فٹبالرز کی صلاحیتوں سے متاثر ہیں،ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں میں محنت اور سیکھنے کا جذبہ ہے،تربیتی کیمپ میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،میری کوشش ہے کہ اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے گول کیپرز کی صلاحیتوں کو نکھاروں،پریکٹس میچز میں نظر آنے والے مسائل پر قابو پانے کیلئے الگ ڈرلز بھی کروائی جارہی ہیں،فٹنس پر بھی خاص توجہ دی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی فٹبالرز کو ایک طویل تعطل کے بعد اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کا موقع ملا مگر خوشی کی بات ہے کہ ان کا جذبہ ماند نہیں پڑا،سب بڑی شدت سے کسی انٹرنیشنل میچ کے منتظر ہیں،تربیتی کیمپ میں موجود گول کیپرز بھی باصلاحیت ہیں،میری کوشش ہے کہ ان کو آئندہ چیلنجز کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کروں،اس ضمن میں پریکٹس میچ بڑے معاون ثابت ہورہے ہیں،گول کیپر کو بے خوف اور مضبوط ہونا چاہیے،ڈیفینڈرز کے ساتھ اچھا تال میل بھی ہونا ضروری ہے، کھلاڑی جس انداز میں سیکھ رہے ہیں،پوری امید ہے کہ آنے والے مقابلوں میں زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے،ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ کام کرکے بڑی خوشی محسوس کررہا ہوں۔
برازیلی گول کیپنگ کوچ
برازیلی گول کیپنگ کوچ پاکستانی فٹبالرز کی صلاحیتوں سے متاثر
Oct 11, 2022