پرتھ (یواین پی) انگلینڈ نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم آسٹریلیا 209 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، ڈیوڈ وارنر کی 73 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، مارک ووڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایلیکس ہیلز کو 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے، ایلیکس ہیلز نے 51 گیندوں پر 84 اور کپتان جوز بٹلر نے 32 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر نے 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ دیگر بیٹرز میں مچل مارش 36 اور مارکس اسٹوئنس 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے تین جبکہ ریس ٹوپلی اور سیم کرن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایلیکس ہیلز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 8 رنز سے ہرا دیا
Oct 11, 2022