کراچی (نیوز رپورٹر) امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کی جانب سے مشترکہ سمندری مشقوں کے سلسلے میں امریکی کوسٹ گارڈ کے دو بحری جہاز کراچی پہنچے، جوکہ شیڈول کے مطابق کراچی بندرگاہ پر 13اکتوبرتک موجود رہیںگے۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان اور کموڈوربرائے پٹرول فورس سائوتھ ویسٹ ایشیا ایرک ہیلگن کی قیادت میں یو ایس سی جی سی (USCGC) کے فاسٹ ریسپانس کٹرس چارلس مولتھروپ (ڈبلیو پی سی 1141)اور یو ایس سی جی سی (USCGC) ایملین ٹنل(ڈبلیو پی سی 1145)کی جانب سے سمندری مشقوں کا دورہ کیا گیا، جو کہ امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کے درمیان فنی مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ سمندری مشقوں کا ایک اہم حصہ ہیں۔ اس موقع پر امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں اور یہاں آنا ہماری لیئے باعث خوشی ہے۔ ہم ایک انتہائی متحرک خطے میں باہمی تعلقات استوار کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔" رواں سال ہم امریکا-پاکستان تعلقات کو 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، اس حوالے سے ہماری بحری افواج میں مشترکہ تعاون دونوں ممالک کے درمیاں مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ دونوں ممالک میں یہ تعاون تجارت، سرمایہ کاری، انسداد ماحوالیاتی تبدیلی، تعلیم، صحت عامہ اور ثقافتی ورثوں کے تحفظ سمیت دیگر شعبہ جات میں جاری ہے اور رہے گا۔ ایرک ہیلگن نے کہاکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مستحکم و پائیدار تعلقات قائم ہیں، گذشتہ سالوں میں امریکی سمندری جہازوں کی جانب سے پاکستان کے دورے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ،عملے کی سطح پر تبادلہ اور مشترکہ سمندری مشقوں کا مقصد باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔" علاوہ ازیں امریکی وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیئے۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کی مزار کا دورہ کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
امریکہ جہاز کراچی
مشترکہ سمندری مشقوں کا مقصد باہمی ہم آہنگی اور تعاون کا فروغ، دوطرفہ تعلقات کو 75 برس مکمل ہونے کا جشن منارہے ہیں، ایرک ہیلگن
Oct 11, 2022