اسلام آباد سینٹورس آتشزدگی‘ تینوں ٹاورز سیل‘ انتظامیہ پر مقدمہ‘ انکوائری کمیٹی قائم

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں واقع کثیر منزلہ شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مال کے تینوں ٹاورزکو غیر معینہ مدت کے لیے سہربمہر کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے معاملے کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین یوم میں رپورٹ دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمیٹی کو شاپنگ مال میں فائر فائٹنگ سسٹم میں ابتدائی طور پر نقائص کی نشاندہی، آگ بجھانے والے آلات کی ورکنگ کنڈیشن، داخلی و خارجی راستوں کی بندش اور فائر سے متعلق مال انتظامیہ کی آزمائشی مشقوں بارے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ضلعی  انتظامیہ نے مال انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے اخراج میں رکاوٹ کھڑی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ گزشتہ روز سینٹوریس مال میں ہونے والی آتشزدگی کو ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا تھا۔
سینٹوریس آتشزدگی

ای پیپر دی نیشن