تمام چھوٹے بڑے شہروں‘ دیہاتوں‘  قصبوںگلی کوچوں میںسبز پرچموں کی بہار‘ یا رسول اللہ کے نعرے‘ محافل میلاد‘ نعت خوانی کے اجتماعات

Oct 11, 2022

 کراچی/ حیدرآباد(نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) ہادی عالم، رحمت اللعالمین، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن اتوارکوکراچی سمیت سندھ بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایاگیا،جماعت اہلسنت پاکستان کے تحت نشترپارک میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس سے علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا کوکب اوکاڑوی، حاجی حنیف طیب، ثروت قادری اور بلال قادری نے خطاب کیا۔سرکار دو جہاں محمد مصطفی ﷺ کی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر سندھ بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہر سجائے گئے ہیں، گلی گلی محلے محلے میں چراغاں کیا گیا ہے۔محافل میلاد النبی ﷺ کا خصوصی اہتمام کیاگیا، شمع رسالت کے پروانوں نے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ فضائیں دورو و سلام کی صدائوں سے گونجتی رہیں، شہر شہر میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جبکہ نذرو نیاز اور لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاجبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہرائوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیاتھا۔دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت  کراچی میں21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں اسلام کی سربلندی اور ترویج اور مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر تین بجے نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا اور نشترپارک پر اختتام پذیر ہوا، پولیس اوررینجرزنے جلوس کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔جماعت اہلسنت پاکستان کے تحت نشترپارک میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس سے علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا کوکب اوکاڑوی، حاجی حنیف طیب، ثروت قادری اور بلال قادری نے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں سربراہ جماعت اہلسنت پاکستان شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ بچپن سے خواہش رہی تمام علما کو ایک ساتھ جمع کروں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے علما کرام کو ایک ساتھ جمع بھی کیا، نشتر پارک میں دھماکا ہوا لیکن میرے والد نماز پڑھتے رہے۔علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ ملک میں بے حیائی برداشت نہیں کریں گے، ٹرانس جینڈر سے متعلق قانون کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ناجائز تفریح کے نام پر بے حیائی پھیلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بھی عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔سربراہ نظام مصطفی پارٹی حاجی حنیف طیب نے کہا کہ آج تک سانحہ نشتر پارک کے شہدا کی یادگار تک تعمیر نہیں کی جاسکی ہے۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ٹرانس جینڈر بل پر ہمارے تحفظات ہیں، ہم اس نظام کو بدلیں گے، ہمیں اپنے اکابرین کو اسمبلیوں میں پہنچانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں نے اپنے خرچے پورے کرنے کے لیے اداروں کو فروخت کردیا۔ اس طرح حیدرآباد سمیت  سندھ کے دوسرے  شہروں میں بھی جشن عید میلاد النبی ؐ جوش و خروش سے منایا گیا۔ جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر کی قیادت میں احمد رضا چوک تکونہ پارک سے عظیم الشان مرکزی میلاد جلوس نکالا گیاجس میں کثیر تعداد میں علما کرام مشائخ عظام شریک ہوئے جوشہر کی شاہراہوں سے ہوتا ہوامیلاد مصطفے چوک پر پہنچ کرمیلاد مصطفے ؐکانفرنس میں ضم ہو گیا۔اس موقع پر جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر‘ ڈاکٹر محمد یونس دانش،ناظم علی آرائیں پیر سیدسعید شاہ چشتی،علامہ قاری نیاز احمد نقشبندی،صاحبزادہ محمود احمد قادری پیر سید عبدالغنی شاہ مجددی،عبدالروف الوانی محمد رضوان شیخ غلام سرور امینی،حافظ محمد رضوان نقشبندی نے بھی خطاب کیاقبل از یں استقبال صبح بہاراں میں جے یو پی کی جانب سے صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر،ڈاکٹر محمد یونس دانش،ناظم علی آرائیں،پیر سید سعید احمد شاہ،پیر عبدالغنی شاہ،کی قیادت میں میلاد ریلی نکالی گئی۔جس سے حاجی ظہیر احمد شیخ،مولانا محمد رضوان قادری نے بھی خطاب کیا کانفرنس میں حاجی ملک محمد قاسم،حاجی حبیب،پیر سعید چشتی ناظم علی آرائیں ڈاکٹر محمد یونس دانش،قاری غلام سرور امینی۔قاری محمد شعیب امینی،مولانا عبدالجبار بھی شریک تھے۔
 جشن ولادت رسول

مزیدخبریں