پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ :راناثنااللہ کی زیر صدرات اجلاس

Oct 11, 2022 | 18:22

اسلام آباد:وزارت داخلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کی  اجلاس میں پی ٹی آئی کی وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ شرکا نے وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کرائی۔رانا ثنا اللہ نے کہا: ’ریاست کو کسی گروہ یا مسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ وفاق اور اس کی اکائیاں ایسے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گے۔ سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کر کے ریاست مفلوج کرنے کی اجازت نہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور ایسی کسی بھی روایت کی اجازت نہیں دے سکتے‘۔اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاق پر چڑھائی کا غیر قانونی اقدام روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز قانون کی پاسداری یقینی بنائیں، کسی سیاسی جماعت، گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کا حصہ نہ بنے، کسی بھی جارحیت کے خلاف ریاست کو تحفظ فراہم کرنا سرکاری ملازمین کا فریضہ ہے، جو سرکاری ملازمین 25 مئی لانگ مارچ میں شریک ہوئے ان پر وفاق کو تشویش ہے، وفاق کی طرف سے ڈیمانڈ کیے گئے وسائل اور نفری فراہم کی جائے۔

 
 

مزیدخبریں