بچپن میں کتابیں پڑھنے کا شوق ہوا جواب تک قائم: انوار الحق کاکڑ

Oct 11, 2023

لاہور (پھول میگزین رپورٹ) مجھے بچپن سے کہانیوں کی کتابیں پڑھنے کا شوق ہوا اور مطالعہ کا شوق اب بھی قائم ہے اور جب بھی فرصت ملتی ہے کتابیں پڑھتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نجی چینل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہیں نے کہا کہ میں بچپن میں اپنی خالہ کے ہاں کوئٹہ میں پلا بڑھا۔ ان کی سٹیشنری کی دکان عبدالغفور سٹیشنری مارٹ کے نام سے تھی۔ میں سکول سے آکر اپنے کزن کے ساتھ اس دکان پر چلا جاتا تھا۔ دو تین گھنٹے جو میں اس دکان پر بیٹھتا تھا تو اشتیاق احمدکی لکھی ہوئی انسپکٹر جمشید سیریزجو ان دنوں بہت مقبول تھی اور مختلف اردو، انگریزی کتابیں پڑھتا تھا۔ وہاں سے کتابیں پڑھنے کا شوق ہوا۔ اس سے مطالعہ کا رجحان بڑھا اور مطالعہ میری شخصیت کا حصہ بن گیا۔ جو لوگ مجھے بچپن سے جانتے ہیں۔ کوئٹہ کے افراد اور بعد میں کیڈٹ کالج کوہاٹ کے لوگ ان کو پتہ ہے کہ مطالعہ اور کلاسیکی موسیقی کی طرف میرا بڑا رجحان تھا۔ موضوعات بدلتے رہے مگر بچپن سے اب تک کتابیں پڑھنے کا شوق آج بھی قائم ہے۔

مزیدخبریں