21 اکتوبر عام آدمی کی مشکلات سے آزادی کا دن ہو گا: رانا ثناءاﷲ

Oct 11, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ 21 اکتوبر خوشحالی، ترقی، عام آدمی کی مشکلات سے آزادی کا دن ہوگا۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کی آمد کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم میٹنگ کی صدارت کی۔ اجلاس میں 21 اکتوبر کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور عوام کے جوش و خروش پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ لاہور کا 8 اکتوبر کو ہونے والا عظیم الشان جلسہ قائد میاں محمد نواز شریف کے 21 اکتوبر کے استقبال کا ٹریلر تھا، عوام میاں محمد نواز شریف کی واپسی کو اپنے اچھے دنوں کی واپسی سے تعبیر کرتے ہیں۔ 21 اکتوبر کو عوام میاں نوازشریف سے اپنی محبت اور اس اعتماد کا ایک مرتبہ پھر سے اظہار کریں گے جو پہلے بھی تین مرتبہ ووٹ کے ذریعے وزیراعظم بنا کر کر چکے ہیں۔ اس وقت ایک ہی ایسا لیڈر ہے جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت اور منشور رکھتا ہے۔ پہلے بھی ہمیشہ کر کے دکھایا تھا۔ انشاءاللہ ایک بار پھر ملک کو مہنگائی، غربت اور مشکلات سے نجات دلوائیں گے۔

مزیدخبریں