بم سے اڑانے کی دھمکی ‘احمدآباد سٹیڈیم کی سکیورٹی بڑھا دی گئی

Oct 11, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان ‘بھارت ٹاکرے سے قبل دہشتگردوں کی احمد آباد سٹیڈیم اڑانے کی دھمکیوں کے بعد سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔ میگا ایونٹ کا افتتاح احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہوا تھا۔ فائنل بھی اسی گراﺅنڈ میں ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں کے درمیان پاکستان‘ بھارت ٹاکرا بھی اسی میدان میں 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ورلڈ کپ کے اس بڑے مقابلے سے قبل دہشتگردوں نے ای میل کے ذریعے ممبئی پولیس کو بھارتی وزیراعظم مودی اور ان کے نام سے ہی منسوب احمد آباد کے کرکٹ سٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی جس نے دنیائے کرکٹ سمیت بھارتی حکومت اور سکیورٹی حکام کی نیندیں اڑا دیں۔بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت ٹاکرے سے قبل نریندری مودی سٹیڈیم کو اڑانے کی دھمکیوں کے بعد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ احمد آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت میچ اپنے مقررہ شیڈول پر نریندر مودی سٹیڈیم میں ہی ہوگا جس کے پرامن انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اس اہم میچ کیلئے 7 ہزار پولیس اہلکار اور4ہزار گارڈز 14 اکتوبر کو سٹیڈیم کے اطراف میں ڈیوٹی دیں گے جبکہ شہر بھر میں 14 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔احمد آباد پولیس کمشنر گیانندر سنگھ کا کہنا ہے کہ دھمکیاں دی ضرور گئی ہیں لیکن ہم خوفزدہ نہیں ہیں۔ پولیس مکمل تیار ہے۔ میچ کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بم ڈسپوذل سکواڈ اور اینٹی ڈرون ٹیم بھی ملے گی۔انہوںنے سکیورٹی کے انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے این ڈی آر ایف (نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس) اور ایس ڈیر ایف (سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) کی ٹیموں کی تعیناتی کیلئے بھی درخواست کی ہے وہ کیمیکل بائیولوجیکل، ریڈیو لوجیکل اور نیوکلیئر خطرات کو بھی ڈٹیکٹ کر سکتی ہیں۔ 

مزیدخبریں