لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے فلسطین دنیا کا سلگتا ہوا مسئلہ، عالم اسلام کو یکجہتی کا مظاہرہ کر کے اسے حل کرنا ہو گا۔ فلسطین اور قبلہ اوّل کی آزادی کا وقت آپہنچا ہے۔ اسلامی ممالک کے حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوں اور کھل کر فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ منگل کو مہتمم دارالعلوم کراچی مفتی تقی عثمانی اور مہتمم جامع العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاو¿ن مولانا محمد سلمان بنوری سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسرائیل بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو بدترین ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے، مگر اس پر عالمی ادارے محض لفظی بیان بازی سے کام لے رہے ہیں۔ غزہ کے لاکھوں افراد کئی سالوں سے ناجائز صہیونی ریاست کے محاصرے میں ہیں، امیر جماعت نے مذہبی رہنماو¿ں سے ملاقاتوں کے دوران انھیں جماعت اسلامی کے تحت 15 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے ”الاقصیٰ فلسطین مارچ“ اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ”قومی مشاورتی اجلاس“ میں شرکت کی دعوت دی۔ سراج الحق نے کہاکہ مصر میں منتخب صدر محمد مرسی کو فلسطینیوں کی مدد کرنے پر اقتدار سے بے دخل کرکے جیل میں ڈال دیا گیا اور وہیں سے ان کاجنازہ اٹھا۔ پاکستان کو ایٹمی اسلامی اور وسائل سے مالامال ریاست ہونے کے ناطے فلسطین کی آزادی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقاتوں میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب مہتمم جامع العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاو¿ن مفتی امداد اللہ، منتظم جامع العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاو¿ن ڈاکٹر سعید، امیر ضلع کورنگی و لانڈھی ٹاو¿ن کے چیئرمین عبد الجمیل، جمعیت اتحاد العلماءکراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، سیکرٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری اور مرکزی میڈیا کوآرڈی نیٹر سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ مفتی تقی عثمانی اور مولانا محمد سلمان بنوری نے سراج الحق کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور ”الاقصیٰ فلسطین مارچ“کو وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ ہم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں پوری امت اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حماس کے مزاحمتی حملوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کے مو¿قف کو نقصان پہنچایا ہے۔
اسلامی ممالک کے حکمران بیدار ہوں‘ فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کریں: سراج الحق
Oct 11, 2023