میانوالی، گگومنڈی م،میں بجلی نادہندگان کا اہلکاروں پر تشدد

فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ میانوالی‘ ننکانہ‘ گگومنڈی‘ اسلام آباد (نمائندگان خصوصی+ نامہ نگاران) ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کیخلاف گزشتہ روز بھی آپریشن جاری رہا۔ میانوالی اور گگومنڈی میں بجلی نادہندگان نے اہلکاروں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری طرف سندھ کے مختلف اضلاع میں 50 فیصد تک بجلی چوروں کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیل کے مطابق میانوالی میں فیسکو کے ڈیفالٹر کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کے لئے جانے والے لائن مین پر چار افراد نے بہیمانہ تشدد کیا۔ کلاشنکوف نما رائفل کے سر میں بٹ مارنے سے محمد وزیر نامی واپڈا اہلکار شدید زخمی کر دیا۔ تھانہ موچھ کے علاقے ڈیرہ" کمبوہانوالہ " میں امان اللہ نامی شخص واپڈا کا نادہندہ تھا جس کا کنکشن منقطع کرنے کے لئے محمد وزیر نامی لائن مین نے امان اللہ سے بات چیت کی کہ جس کے بقایا جات ہوں ان کی بجلی کنکشن کاٹنے کا افسران کی طرف سے حکم ہے جس پر تو تکار شروع ہو گئی اور امان اللہ کا بیٹا ساجد اور دو نامعلوم افراد آ گئے اور لائن مین پر تشدد شروع کر دیا جس کی وجہ سے اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ گگو منڈی میں اسسٹنٹ لائن مین میپکو کاشف غور اور رفاقت علی میپکو کے بقایا جات کی وصولی کے لیے ملزمان راشد علی ولد محمد بوٹا جو 23383روپے کا نا دہندہ ہے اور منصب علی ولد سلیمان جو 17160روپے کا نا دہندہ ہے، سے وصولی کے لیے چک نمبر359۔ای بی ان کی رہائش گاہ پر گئے تو نا دہندگان نے میپکو اہلکاران کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد یر غمال بنا لیا اور حبس بے جا میں رکھا جس پر مذکورہ اہلکاران نے ملزمان کی منت سماجت کر کے رہائی حاصل کی۔ ننکانہ صاحب میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں زوروشور سے جاری ہیں، 720بجلی چوری کے کنڈے اتار کر470بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو سرکل ننکانہ صاحب میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران اب تک 720 بجلی چوری کے کنڈے اتارے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 50بجلی چوروں کو پکڑلیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو ایک لاکھ 61ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس اور 66 لاکھ 58ہزار سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں اب تک 891 بجلی چوروں کو24 لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 11کروڑ 53 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع جھنگ میں اب تک 257 بجلی چوروں کو 9لاکھ 67ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 4کروڑ 94لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع بھکر میں اب تک 254 بجلی چوروں کو 6لاکھ 50ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس اور 3 کروڑ 37لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع چنیوٹ میں 308بجلی چوروں کو 9لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 3 کروڑ 33لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیسکو ماموں کانجن اور کیلیانوالا سب ڈویژنوں کی ٹاسک فورس نے ٹیوب ویل کنکشن پر ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے ہونے والی بجلی چوری کی واردات رنگے ہاتھوں پکڑ لی۔ بجلی چوروں کو تقریباً 16لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا، سات لاکھ کی ریکوری موقع پر کرلی گئی۔گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ مزید 49افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔ پکڑے گئے بجلی چوروں کی مجموعی تعداد1736ہو گئی ۔ 1649 کے خلاف مقدمات درج اور850گرفتار کیے گئے۔ بجلی چوروں کو15کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری پاور راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ سندھ کے 8 اضلاع میں بجلی کی چوری 50 فیصد سے بھی زیادہ ہے جبکہ 15 اضلاع میں بجلی چوری 40 فیصد سے زیادہ ہے۔ سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے سندھ میں بجلی چوری کی صورت حال پر دیئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں 19 اضلاع میں بجلی چوری 30 فیصد سے زیادہ ہے۔ دوسری طرف گیس چوری کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رہا۔ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 58گیس کنکشن منقطع،542انڈر بلنگ کیسز اندراج/ پروسیس کئے گئے اور1 کروڑ 16لاکھ سے زائدکے جرمانے عائد کیے گئے۔ سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران مزید 58گیس کنکشن منقطع کردیے، 542 انڈر بلنگ کیسز اندراج /پروسیس کردیے گئے۔فیروز والہ میں ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 12 بجلی چوروں کو ڈائریکٹ تار سے بجلی چوری کرتے پکڑ لیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے۔

ای پیپر دی نیشن