اسلام آباد+میانوالی(خبر نگار خصوصی+نامہ نگار)بلوچستان کے علاقے ڑوب میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے میجر رضا علی شاہ اورحوالدار نثار احمد کی نماز جنازہ فوجی اعزازات کے ساتھ انکے آبائی علاقوں میں اداکردی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر رضا علی شہید کی نماز جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے سرگودھا میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں شہید کے اہلخانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران، عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔حوالدار نثار احمد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے وہاڑی میں ادا کی گئی جس میں اہلخانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،مادر وطن سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری یہ جنگ جاری رہے گی۔
میجر رضا علی اور حوالدار نثار احمد شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
Oct 11, 2023