یورپی یونین‘ پاکستان کو مفید تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت: سفیر آمنہ بلوچ

Oct 11, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے برسلز میں منعقدہ ایک تقریب میں یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق سفیر آمنہ بلوچ نے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے انہیں دل کی گہرائیوں سے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ یورپین کونسل کے صدر نے بھی اس موقع پر یورپی یونین کی طرف سے پاکستانی قیادت کے لئے گرمجوشی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے مشترکہ طور پر یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس تعلق کو ایک سٹرٹیجک اور کثیر جہتی شراکت داری کے طور پر تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی طور پر مفید تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے یورپین کونسل کے صدر سے اپنی بات چیت میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی صورتحال کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بات چیت میں یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا گیا۔

مزیدخبریں